ریڈیو زرمبش اردو | ریڈیو زرمبش اردو

ورلڈ کپ: انگلینڈ کا نیدرلینڈز کو جیت کیلئے 340 رنز کا ہدف

ورلڈ کپ: انگلینڈ کا نیدرلینڈز کو جیت کیلئے 340 رنز کا ہدف

NOV

08
08 / 11 / 2023 دنیا

ورلڈکپ کے 40ویں میچ میں انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو جیت کےلیے 340 رنز کا ہدف دے دیا۔


پونے میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 


انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو اور ڈیوڈ ملان نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا، تاہم ساتویں اوور میں 48 کے مجموعے پر 17 رنز بنانے والے بیئرسٹو آؤٹ ہوگئے۔ 


دوسری وکٹ پر ڈیوڈ ملان اور جو روٹ نے ٹیم کا ٹوٹل 133 رنز تک پہنچایا جہاں روٹ 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ 


 


یہاں بین اسٹوکس وکٹ پر آئے لیکن 139 کے مجموعے پر 87 رنز بنانے والے ڈیوڈ ملان آؤٹ ہوگئے۔ 


بین اسٹوکس اسکور کو آگے بڑھاتے رہے لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔


ہیری بروک 11، جوز بٹلر 5، معین علی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ تاہم ساتویں وکٹ پر کرس ووکس اور بین اسٹوکس کے درمیان 113 رنز کی شراکت نے اننگز کا نقشہ بدل دیا۔ ووکس 51 رنز بناکر آؤٹ 321 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔ 


بین اسٹوکس نے 84 گیندوں پر 108 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل تھے۔ 


انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے۔  


نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈے نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آریان دت نے دو، لوگان وین بیک نے دو اور پال وین میکیرن نے ایک وکٹ لی۔  


اس ورلڈکپ میں اب تک دونوں ٹیمیں سات سات میچز کھیل چکی ہیں جہاں انگلینڈ نے ایک اور نیدرلینڈز نے اپنے 2 میچز جیتے۔


پوائنٹس ٹیبل پر نیدر لینڈز نویں اور انگلینڈ دسویں (آخری) نمبر پر ہے۔


واضح رہے کہ اس میچ کے فیصلے سے دیگر ٹیموں کے ورلڈ کپ میں آگے جانے یا نہ جانے کے حوالے سے کوئی اثر نہیں پڑے گا۔