دنیا کا مہنگا ترین دفاعی فٹبالر ہیری میگوائر

زرمبش میڈیا سیل کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فٹبال کی دنیا میں کسی دفاعی کھلاڑی کے لیے ایک کلب کی طرف سے دوسرے کلب کو ادا کی جانے والی رقم کا ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔ برطانوی فٹبالر ہیری میگوائر کے لیے ادا کی گئی اس رقم کی مالیت 87.5 ملین یورو بنتی ہے۔

ہیری میگوائر کا تعلق اب تک انگلش فٹبال کلب لیئسٹر سٹی سے تھا لیکن انگلینڈ ہی میں ریکارڈ حد تک فٹبال لیگ جیتنے والی ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ نے اب ان کی خدمات خرید لی ہیں۔ اس کے لیے مانچسٹر یونائیٹڈ نے لیئسٹر سٹی کو 87.5 ملین یورو ادا کیے ہیں، جو فٹبال کی تاریخ میں کسی بھی دفاعی کھلاڑی کے ایک کلب سے دوسرے کلب میں جانے کے لیے ادا کی گئی آج تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ 2018ء میں ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے دفاعی کھلاڑی ورجِل فان ڈائیک کی وجہ سے بنا تھا، جن کی خدمات حاصل کرنے کے لیے انگلش کلب ایف سی لیورپول نے انگلینڈ ہی کے ایک اور فٹبال کلب ایف سی ساؤتھیمپٹن کو 84.5 ملین یورو ادا کیے تھے۔

دنیا کے دس دفاعی فٹبالروں کے لیے آج تک ادا کی جانے والی رقوم اس طرح ہیں:

1۔ ہیری میگوائر 87.5 ملین یورو، 2۔ ورجِل فان ڈائیک 84.5 ملین یورو، 3۔ لوکاس ہیرنانڈیس 80 ملین یورو، 4۔ ماتھائیس دے لیگٹ 75 ملین یورو، 5۔ ایمیریک لاپورٹ 65 ملین یورو، 6۔ بینجمن مینڈی 57.5 ملین یورو، 7۔ جان سٹونز 55.6 ملین یورو، 8۔ ایرن وان بساکا 55 ملین یورو، 9۔ کائل واکر 52.7 ملین یورو اور 10۔ ایڈر میلیٹاؤ 50 ملین یورو۔