ایران میں امریکا کے ایک بڑے سائبر جاسوسی نیٹ ورک سے منسلک متعددایجنٹوں کو سزائے موت دی گئی ہے

زرمبش مانیٹرنگ ڈیسک کو موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق ایرانی انٹیلی جنس کے ایک عہدہ دار نے بتایا ہے کہ امریکا کے ایک بڑے سائبر جاسوسی نیٹ ورک سے منسلک متعددایجنٹوں کو سزائے موت دی گئی ہے۔ ایران کی سپریم قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے بتایا کہ متعدد امریکی جاسوسوں کو ایران کے خلاف جاسوسی کے جرم میں عدالت کی طرف سے دی گئی سزائوں کے بعد موت کے گھاٹ اتاردیا گیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی’ارنا’ کے مطابق ایرانی انٹیلی جنس کے انسداد جاسوسی شعبے کے ڈائریکٹر حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ ایران میں‌’سی آئی اے’ کا ایک جاسوس نیٹ ورک پکڑا گیا ہے جو ایران کے خفیہ راز لیک کرنے میں سرگرم تھا۔

ایرانی عہدہ دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ‘سی آئی اے’ نےسائبر جاسوس نیٹ ورک سے رابطے کے لیے ایک ویب سائیٹ بنا رکھی ہے۔ اس کے علاوہ متعدد دیگر ویب سائیٹس کے ذریعے بھی یہ گروپ امریکیوں کے ساتھ رابطے میں‌تھا۔

انہوں‌نے کہا کہ ہم نے تمام ویب سائیٹس اور اس کے ذریعے امریکیوں کے ساتھ رابطہ کرنے والے جاسوسوں کا پتا چلا لیا ہے۔ ہم نے اس حوالے سے اپنے تمام اتحادیوں کے ساتھ بھی معلومات کا تبادلہ کیا ہے جس کے بعد دوسرے ملکوں میں بھی اسی طرح کے جاسوس نیٹ ورک کا پتا چلایا گیا ہے۔

اُنہوں‌ نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جب انٹرنیٹ کےذریعے جاسوسی کے لیے سرگرم امریکا کے ایک بڑے جاسوس نیٹ ورک کا سراغ لگایا گیا۔

اُنہوں نے کہا کہ جاسوس نیٹ ورک کے متعدد عناصرپر جاسوسی کا جرم ثابت ہونے کے بعد انہیں سزائے موت دے دی گئی ہے جب کہ متعدد دیگر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔