سعودی عرب :حوثی باغیوں کا سعودی عرب میں ائیر پورٹ پر حملہ 26افراد زخمی

زرمبش مانیٹرنگ ڈیسک کو موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوب مغربی علاقے میں واقع شہر ابہا کے ہوائی اڈے پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں متعدد شہری زخمی ہو گئے ہیں

یمن میں جاری لڑائی میں شریک سعودی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے ابہا ایئرپورٹ پر بدھ کی صبح ایک میزائل فائر کیا گیا جس کے گرنے سے 26 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

فوجی ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں تین خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ زخمی خواتین میں ایک یمنی، ایک انڈین اور ایک سعودی خاتون ہیں جبکہ آٹھ افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

حملے سے ایئرپورٹ کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

کرنل ترکی المالکی کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والے میزائل کی شناخت کی جا رہی ہے تاہم حوثیوں کی ویب سائٹ کے مطابق یہ حملہ کروز میزائل سے کیا گیا جس سے ہوائی اڈے کا واچ ٹاور تباہ ہوا۔

حوثی باغیوں کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ میزائل حملے کے بعد ابہا ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا۔

یہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران حوثیوں کا سعودی عرب میں کسی ہوائی اڈے پر دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل مئی کے تیسرے ہفتے میں حوثیوں نے جنوبی سعودی صوبے نجران میں ایئرپورٹ پر اسلحے کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا تھا۔

حوثیوں کے المصیرہ ٹی وی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اِس حملے میں ’کے ٹو قصیف ڈرون’ کا استعمال کیا گیا ہے۔ حوثیوں کے مطابق اِس حملے کے بعد وہاں آگ بھڑک اٹھی۔

سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق اِس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے یمن میں سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے لیس ایک ڈرون کے ذریعے اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو عام لوگوں کے زیرِ استعمال تھیں۔

اس سے قبل سعودی ٹی وی العربیہ کی ویب سائٹ نے عینی شاہدین کے حوالے سے خبر دی تھی کہ ‘مکہ کو میزائل سے نشانہ بنانے کی حوثی باغیوں کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے۔’

جبکہ حوثی باغیوں نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی تھی کہ انھوں نے مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ کو میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔

ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشمکش کے باعث یہ خطہ اِس وقت کشیدگی کا شکار ہے۔