امیتابھ بچن کے بعد عدنان سمیع کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک، اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی تصویر لگا دی گئی

زرمبش مانیٹرنگ ڈیسک کو موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق بالی وڈ کے لیجنڈری فلمسٹار امیتابھ بچن کے بعد اب گلوکار عدنان سمیع کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلوکار عدنان سمیع خان کا ٹویٹر اکاؤنٹ بھی اسی ہیکرز گروہ نے ہیک کیا جس نے گذشتہ روز امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کیا تھا۔ ہیکرز نے عدنان سمیع خان کے اکاؤنٹ سے پیغامات جاری کیے اور پروفائل پکچر پر عدنان سمیع خان کی جگہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تصویر لگا دی۔

اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد جاری کیے گئے پہلے پیغام میں ترکی اور پاکستان کے جھنڈے کی تصویر شئیر کی گئی۔ پیغام میں کہا گیا کہ ہمیں پاکستان آنے اور وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کر کے بے حد خوشی ہو گی۔

اپنے اہم پیغام میں ہیکرز کا کہنا تھا کہ جو بھی ہمارے برادر ملک پاکستان کے ساتھ غداری کرے گا وہ یہ بات بخوبی جان لے کہ اُس کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر عمران خان اور پاکستان کے جھنڈے کی تصویر ہو گی۔

اس کے علاوہ بھی اس ٹویٹر اکاؤنٹ سے کئی پیغامات شئیر کیے گئے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ روز جب امیتابھ بچن کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کیا گیا تب بھی ان کے اکاؤنٹ سے پاکستان اور ترکی کے پرچم کی تصویر شئیر کی گئی اور ساتھ ہی پیغام بھی جاری کیا گیا۔