ریڈیو زرمبش اردو | ریڈیو زرمبش اردو

برطانیہ کی یوکرین کو لانگ رینج میزائل کی فراہمی، روس کی جانب شدید رد عمل کا اظہار

برطانیہ کی یوکرین کو لانگ رینج میزائل کی فراہمی، روس کی جانب شدید رد عمل کا اظہار

MAY

12
12 / 05 / 2023 دنیا

برطانیہ نے روس کیخلاف جنگ میں یوکرین کو اسٹارم شیڈو لانگ رینج میزائل فراہم کیے جانے کی تصدیق کردی جبکہ روس نے اقدام کا مناسب جواب دینے کا عندیہ دے دیا۔ برطانوی سیکرٹری دفاع بین والس نے ہاﺅس آف کامن کو بتایا کہ جدید اسلحہ فراہم کرنے کیلئے روسی افواج کیخلاف لڑنے کیلئے یوکرین کی جانب سے کی گئی درخواستوں پر انہیں اسٹارم شیڈو کروز میزائل فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میزائل کی فراہمی کا فیصلہ روس کی جانب سے یوکرین جنگ میں مسلسل پیش قدمی اور سول انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے بعد کیا گیا ہے۔ بین والس نے ہاﺅس آف کامن کو بتایا کہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب کو گزشتہ سال دسمبر میں خط کے ذریعے بتایاتھا کہ یوکرین پر مزید حملوں کے نتیجے میں برطانیہ یوکرین کو مزید اسلحہ فراہم کر سکتا ہے، اگر روس حملہ نہ کرتا تو اس سب کی ضرورت ہی نہ پڑتی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹارم شیڈو کروز میزائل کی پیداواری کمپنی کا دعویٰ ہے کہ میزائل کی رینج 250 کلو میٹر سے زائد ہے جبکہ امریکی ہمارس میزائل کی رینج صرف 80 کلو میٹر تک ہے۔ بین والس کا کہنا تھا کہ اسٹارم شیڈو کروز میزائل جنگی طیاروں کے ذریعے فائر کیے جائیں گے جس سے یوکرینی پائلٹ محاذ کے قریب جائے بغیر دور سے ہی اپنے اہداف کو نشانہ بنانے کے قابل ہو پائیں گے، جبکہ کم اونچائی سے مارے گئے میزائل دشمن ریڈار پر بھی ظاہر نہیں ہوتے۔ دوسری جانب روسی ترجمان دمیتری پاسکوف نے برطانوی اقدام پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرینی افواج کے برطانوی اسٹارم شیڈو میزائل کے استعمال کے رد عمل میں روس کی جانب سے بھی مناسب اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔