ریڈیو زرمبش اردو | ریڈیو زرمبش اردو

چینی مچھلی پکڑنے والی کشتی سری لنکا میں غرقاب ، 14 نعشیں برآمد کل 39 افراد سوار تھے

چینی مچھلی پکڑنے والی  کشتی سری لنکا میں غرقاب ، 14 نعشیں برآمد کل 39 افراد سوار تھے

MAY

24
24 / 05 / 2023 ایس آر اے  ,  جسقم

سری لنکن نیوی نے کہا ہے کہ چینی مچھلیاں پکڑنے والی گذشتہ ہفتے پلٹ گئی تھی جس 39 افراد سوار تھے جن میں سے 14 افراد کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اس ہولناک حادثے سے متعلق چینی حکومت کی ابتدائی تحقیقات اس نتیجے پر پہنچی تھی کہ 16 مئی کو الٹنے والی کشتی میں کوئی بھی شخص نہیں بچا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لو پینگ یوآن یو 028 پر 17 چینی، 17 انڈونیشین اور 5 فلپائنی شہری سوار تھے اور یہ پرتھ سے 5 ہزار کلومیٹر مغرب میں آسٹریلیا کے وسیع سرچ اینڈ ریسکیو ریجن میں تھی۔ فلپائن کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ 18 مئی کو کشتی کا سری لنکا کے جنوب میں تقریباً ایک ہزار کلومیٹر دور پتا چلا تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے ریسکیو کی کوششوں میں رکاوٹ کا سامنا رہا۔ سری لنکن نیوی نے بتایا کہ اس کے غوطہ خوروں نے 2 لاشیں برآمد کی تھیں جبکہ مزید 12 کی نشاندہی بھی کی ہے۔ نیوی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ گلنے سڑنے اور محدود حفاظتی پوشاک کے ساتھ آلودہ پانی میں کام کرنے سے پیدا ہونے والے ممکنہ صحت کے خطرات کی وجہ سے یہ طے پایا کہ ان نعشوں کو بازیاب کرنا انتہائی خطرناک ہوگا۔ آسٹریلیا نے بین الاقوامی سرچ اینڈ ریسکیو کوششوں میں تین ہوائی جہاز اور چار کشتیاں مدد کے لیے بھیجی ہیں۔ چین کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق امدادی کارکنوں نے تقریباً 64 ہزار مربع کلومیٹر کے علاقے کو گھیر لیا ہے جہاں بچنے والوں کا کوئی نشان نہیں ملا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ماہی گیروں کے بحری جہاز کو پہلی بار مشکلات اس وقت پیش آئیں جب سائیکلون ’فیبیان‘ سے سات میٹر تک اونچی لہریں اور اس علاقے میں 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے لگیں۔ رپورٹ کے مطابق سمندری کشتی پینگلائی جِنگلو فشری کمپنی کی ملکیت تھی، جو چین کی ایک بڑی سرکاری ماہی گیری کمپنی ہے جس کو نارتھ پیسیفک فشریز کمیشن کے مطابق نیون فلائنگ اسکویڈ اور پیسیفک سوری کے لیے مچھلی پکڑنے کا اختیار دیا گیا تھا۔