ریڈیو زرمبش اردو | ریڈیو زرمبش اردو

روزنامہ زرمبش اردو | ڈیجیٹل اخبار | بدھ ، 24 نومبر ،2021

روزنامہ زرمبش اردو | ڈیجیٹل اخبار |   بدھ ، 24  نومبر ،2021

NOV

24
24 / 11 / 2021 روزنامہ

پی ڈی ایف میں پڑھنے کے لیے کلک کریں


zrumbesh-urdu-digital-newspaper-24-11-2021


-سرخیاں-


⦿ تمپ: تمپ میں بی ایل ایف کا فوج پر بڑا حملہ پانچ اہلکار ہلاک کیے
⦿ پاکستانی فوج نے دوران حراست انور ولد محمود کو قتل کردیا-ڈاکٹر مراد بلوچ
⦿ سیبی: دو مختلف مقامات پر تعمیراتی کمپنی پر بم حملے
⦿ جامعہ بلوچستان کے دو طالب علموں کی جبری گمشدگی ، بلوچستان بھر میں طلباء کا کلاسوں کا بائیکاٹ
⦿ گوادر حق دو تحریک: جمعرات اور جمعہ کو شہر میں شٹر ڈاؤن کا اعلان
⦿ شال: کل شال پریس کلب میں ودود ساتکزھی کی جبری گمشدگی پر پریس کانفرنس ہوگی
⦿ پشاور: سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے ایک اے ایس آئی اور کانسٹیبل ہلاک
⦿ ٹی ٹی پی سے وابستہ 100 قیدی رہا نہیں ہوئے ، طالبان ترجمان کی تردید
⦿ اگلے ہفتے طالبان کے ساتھ ’دہشت گردی‘ کے خلاف جنگ اور دیگر امور پر مذاکرات شروع کریں گے-امریکا
⦿ انسانی حقوق کے کشمیری کارکن خرم پرویز دہشت گردوں کی مالی امداد کے الزام میں گرفتار
⦿ ایران اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے کو جوہری تنصیبات تک زیادہ اور بہتر رسائی دے۔سربراہ ایٹمی توانائی ایجنسی


✒️ تمپ: تمپ میں بی ایل ایف کا فوج پر بڑا حملہ پانچ اہلکار ہلاک کیے


کیچ کے علاقے میں قابض پاکستانی فوج کی چوکی پر منگل کی شام ہونے والے حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی ہے اور کہا کہ سرمچاروں نے کلاھو تمپ میں فوجی چوکی پر شدید حملہ کیا۔ جس کی زد میں آکر چوکی میں موجود پانچ قابض پاکستانی اہلکار ہلاک ہوئے۔ گھرام بلوچ کے مطابق حملے کی شدت سے گھبرا کر دیگر تین فوجی اہلکار قریبی ندی سے بھاگ نکلے۔ جس کے بعد سرمچاروں نے چوکی پر قبضہ کرکے تمام ہتھیار قبضے میں لے لیے اور چوکی کو جلا دیا۔ جبکہ اسی دوران قریبی چوکیوں سے ان کی مدد کے لیے دیگر دستے  بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ پہنچ گئے، جن کو سرمچاروں نے بھرپور حملہ کے ذریعے پسپا کردیا، دوسری طرف تمپ کلاھو حملے کی تصدیق پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کردی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں دو اہلکار ہلاک ہوئے ہیں، ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ‏سپاہی نصیب اللہ اور سپاہی انشااللہ کے ناموں سے ہوئی ہے


✒️ پاکستانی فوج نے دوران حراست انور ولد محمود کو قتل کردیا-ڈاکٹر مراد بلوچ


بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مراد بلوچ نے کہا ہے کہ مشکئے میں پاکستانی فوج نے انور ولد محمود، غفور ولد محمود، زھری خان ولد جمعہ، امداد ولد زھری خان، رشید ولد فتح محمد کو حراست میں لے کر جبری لاپتہ کیا ہے۔ اور دوران حراست شدید تشدد سے انور ولد محمود کو قتل کرکے لاش ورثا کے حوالے کردیا ہے۔ ڈاکٹر مراد بلوچ نے کہا کہ ان لوگوں کو حراست میں لیتے وقت پاکستانی فوج نے دھمکی دی تھی کہ اگر یہ خبر باہر نکلی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اس دھمکی کا عملی مظاہرہ پاکستانی فوج نے انور ولد محمود کو قتل کرنے کی صورت میں پیش کیا۔ انور کے بڑے بھائی سمیت دیگر رشتہ دار ابھی تک غیرقانونی حراست ہیں اور ان کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہیں ہیں۔ ہمیں خدشہ ہے کہ پاکستانی فوج انھیں بھی قتل کرکے شہید کر دے گی۔


ڈاکٹر مراد بلوچ نے کہا پاکستانی فوج بلوچستان میں بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کررہی ہے۔  یہاں جارحیت اور جنگی جرائم عروج پر ہیں۔ حالیہ دنوں میں ایک جانب پاکستانی فوج  لوگوں کو جبری گمشدہ کرنے کے عمل میں تیزی لائی ہے تو دوسری طرف قتل وغارت گری میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔ کولواہ سے گذشتہ دس دنوں میں دو خواتین سمیت نو سے زائد افراد کو ٹارچرسیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا پاکستان کو ان جنگی جرائم کا حساب دینا ہوگا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ایک دن دنیا پاکستان کی بربریت کا نوٹس لے کر بلوچ نسل کشی کو روکنے میں کردار ادا کرے گی۔ ڈاکٹر مراد بلوچ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اگر یہ سمجھتا ہے کہ وہ وحشت و بربریت سے بلوچ قوم کو قومی تحریک آزادی سے دستبردار کرائے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ بلوچ قوم پاکستان کی درندگی و غیر انسانی سلوک کے سامنے نئے جذبے کے ساتھ سینہ سپر ہے۔


✒️ سیبی: دو مختلف مقامات پر تعمیراتی کمپنی پر بم حملے


سبی میں دو مختلف مقامات پر قابض پاکستانی فورسز اور ایک استحصالی تعمیراتی کمپنی پر بم حملے ہوئے ہیں۔پہلا حملہ سبی کی سب تحصیل بابر کچ کے علاقہ جھالڑی میں ہوا جہاں قابض پاکستانی فورس ایف سی کے اہلکار علاقے میں گشت کررہے تھے کہ باردوی سرنگ کی زد میں آگئے جس میں ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے، دوسرا دھماکہ سبی ہی کے علاقے کوٹ باروزھی کے مقام پر ایک تعمیراتی کمپنی پہ ہوا ہے، جس میں دو مزدور زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سیمنٹ کی بوری اٹھاتے ہوئے دھماکہ ہوا، دونوں دھماکوں کے بعد قابض پاکستانی فوج نے مذکورہ علاقوں کو گھیرے میں لے کر جارحیت شروع کی ہے۔


✒️ جامعہ بلوچستان کے دو طالب علموں کی جبری گمشدگی ، بلوچستان بھر میں طلباء کا کلاسوں کا بائیکاٹ


جامعہ بلوچستان سے دو طالب علموں کی قابض پاکستانی فوج کے ہاتھوں جبری گمشدگی کے خلاف بلوچستان بھر میں تعلیمی اداروں کو احتجاجاً بند کردیا گیا ہے۔ ہمارے نامہ نگار کے مطابق شال میں اس سے قبل تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے جبکہ بدھ کے روز بلوچستان کے دیگر مرکزی شہروں کے اعلی تعلیمی ادارے بند کردیے گئے۔ اسٹوڈنٹس آف آل بلوچستان کی طرف سے دیے گئے اس احتجاجی کال پر عمل کرتے ہوئے اوستہ محمد، قلعہ سیف اللہ، موسی خیل، لورالائی ، نال، دالبندین، زھری، وڈھ، خضدار، لسبیلہ، تربت ، پنجگور گوادر اور دیگر شہروں میں طالب علموں نے کلاسوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کے دروازوں پر تالے لگا دیے۔


احتجاجی طلباء کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے تعلیمی ادارے طالب علموں کے لیے غیر محفوظ ہیں ہمیں ہمارے والدین ان اداروں میں تعلیم حاصل کرنے بھیجتے ہیں اور یہاں سے ہمیں جبری گمشدگی جیسے سنگین انسانی مسئلے کا سامنا ہے جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ طلباء بلوچستان یونیورسٹی سے فورسز کے انخلاء کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔ دوسری طرف منگل کے روز کٹھ پتلی بلوچستان اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی نے طلباء سے مذاکرات  کیے لیکن مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے۔


✒️ گوادر حق دو تحریک: جمعرات اور جمعہ کو شہر میں شٹر ڈاؤن کا اعلان


گوادر حق دو تحریک کی طرف سے مطالبات منظور نہ ہونے پر گوادر شہر میں آج جمعرات اور جمعہ کو دو دن شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی انجمن تاجران گوادر نے بھی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ انجمن تاجران کے ترجمان نے کہا ہے  ہم تاجر برادری دھرنا مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جمعرات اور جمعہ کو اپنی دکانیں صبح 6 بجے سے  پورا دن بند رکھیں گے۔ دوسری طرف گوادر حق دو تحریک کا اپنے مطالبات کے حق میں بدھ کو دسواں دن دھرنا جاری رہا، تاہم طویل احتجاج کے باوجود ان کے اہم مطالبات ابھی تک تسلیم نہیں کیے گئے جس پر گوادر حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ اگر جمعرات تک ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم ضلع گوادر کی تمام شاہراہیں بند کردیں گے


✒️ شال: کل شال پریس کلب میں ودود ساتکزھی کی جبری گمشدگی پر پریس کانفرنس ہوگی



کل شال پریس کلب میں قابض پاکستانی فوج کے ہاتھوں جبری لاپتہ ودود ساتکزھی کے گمشدگی کے حوالے سے پریس کانفرنس کی جائیگی اور نوشکی سے لاپتہ نصیب اللہ بادینی کی لواحقین کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، اس حوالے سے ودود ساتکزئی کی ہمشیرہ گل زادی بلوچ نے اپیل کی ہے کہ انکی بھائی کی بحفاظت بازیابی کے لیے آواز اٹھائیں اور احتجاج میں شرکت کریں _ دوسری طرف بلوچ سوشل میڈیا ایکٹیویسٹس کی جانب سے آج  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ودود ساتکزئی اور نصیب اللہ بادینی کی جبری گمشدگی کے خلاف ایک ٹوئٹر کیمپئن منعقد کیا جائیگا


✒️ پشاور: سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے ایک اے ایس آئی اور کانسٹیبل ہلاک


بندوبستِ پاکستان کے صوبہ کے پی کے کے علاقے پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سے ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل ہلاک ہوگئے ہیں، پولیس کے مطابق اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ حیات آباد فیز 7 میں سرچ آپریشن کے دوران پیش آیا۔ جہاں مشکوک شخص نے فائرنگ کی، پولیس حکام نے کہا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے


✒️ ٹی ٹی پی سے وابستہ 100 قیدی رہا نہیں ہوئے ، طالبان ترجمان کی تردید


کالعدم شدت پسند تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ حکومتِ پاکستان نے تنظیم سے تعلق رکھنے والے 100 قیدیوں کو رہا کیا ہے۔ اس حوالے سے ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی کا کہنا تھا کہ تاحال حکومت سے بات چیت کا باقاعدہ سلسلہ بھی شروع نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جانب سے مذاکراتی کمیٹیاں اب تک آمنے سامنے میز پر بیٹھی ہی نہیں تو پھر ایسے میں شرائط اور مطالبات کی بات قبل از وقت ہوگی۔ انھوں نے کہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے اب تک کسی قسم کی شرائط پیش نہیں کی گئی ہیں۔واضح رہے پاکستانی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ قیدیوں کی یہ رہائی طالبان کے مطالبات یا ان کی شرائط کے تحت نہیں کی گئی بلکہ یہ رہائی خیر سگالی کے اقدام کے طور پر کی گئی ہے۔


✒️ اگلے ہفتے طالبان کے ساتھ ’دہشت گردی‘ کے خلاف جنگ اور دیگر امور پر مذاکرات شروع کریں گے-امریکا



امریکا نے کہا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ اگلے ہفتے مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغانستان میں انسانی بحران سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔ مزاکرات ایک بار پھر قطر کے صدرمقام دوحہ میں ہونگے، اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کے مطابق دو ہفتے تک چلنے والے مجوزہ مذاکرات میں دونوں فریق'' باہمی اہم قومی مفادات‘‘   پر بات چیت کریں گے۔ جن میں داعش اور القاعدہ کے خلاف کارروائیاں، افغانستان کو انسانی امداد کی فراہمی، افغانستان کی تباہ حال معیشت، افغانستان میں موجود امریکی شہریوں اور ان افغان شہریوں کو ملک چھوڑنے کے لیے محفوظ راستے کی فراہمی شامل ہیں


✒️ انسانی حقوق کے کشمیری کارکن خرم پرویز دہشت گردوں کی مالی امداد کے الزام میں گرفتار


بھارت کے قومی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی این آئی اے نے سرکردہ کشمیری انسانی حقوق کے کارکن خُرم پرویز کو مبینہ طور پر دہشت گردوں کی مالی امداد کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق این آئی اے نے مقامی پولیس اور وفاقی پولیس فورس کے ساتھ مل کر پیر کی شب سری نگر میں خرم پرویز کی رہائش گاہ اور ان کے دفتر پر چھاپے مارے۔ بعد ازاں ایجنسی کے ترجمان نے ان کی گرفتاری کا اعلان کیا۔ خرم پرویز کے اہلِ خانہ کے مطابق این آئی اے کے اہلکار خرم کا لیپ ٹاپ، موبائل فون اور چند کتابیں اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔ خرم پرویز دس ایشیائی ممالک میں لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے سرگرم تیرہ تنظیموں کے اتحاد ایشین فیڈریشن اگینسٹ انویلینٹری ڈس اپیئرنسز کے چیئرپرسن اور جموں کشمیر کولیشن آف سِول سوسائٹی کے پروگرام کوآرڈینیٹر ہیں۔


✒️ ایران اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے کو جوہری تنصیبات تک زیادہ اور بہتر رسائی دے۔سربراہ ایٹمی توانائی ایجنسی


بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی نے تہران میں ایرانی رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں میں مطالبہ کیا ہے کہ ایران اقوام متحدہ کے ادارے کے ماہرین کو اپنی جوہری تنصیبات تک زیادہ اور بہتر رسائی دے، تاکہ وہ یہ دیکھ سکے کہ ایران اب تک کتنا یورینیم کس حد تک افزودہ کر چکا ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے عندیہ دیا ہے کہ ان کا ملک کسی نئے بین الاقوامی ایرانی جوہری معاہدے کا پابند نہیں ہوگا



www.zrumbesh.com/urdu ????