نیپال :طیارہ کا 2 ہیلی کاپٹروں سے حادثہ، 3 افراد ہلاک

نیپال :طیارہ کا 2 ہیلی کاپٹروں سے حادثہ، 3 افراد ہلاک

زرمبش مانیٹرنگ ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیپال میں ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب ایک طیارہ اڑان بھرتے ہوئے رن وے پر موجود 2 ہیلی کاپٹرز سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق فرانسیسی خبررساں ادارے ‘اے ایف پی’ کا کہنا ہے کہ حادثہ لوکلا ایئرپورٹ پر پیش آیا جو ماؤنٹ ایورسٹ کو جانے والے راستے کا اہم ذریعہ ہے جبکہ یہ ایئرپورٹ دنیا کے خطرناک ترین ایئرپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعے میں طیارے ٹربو پروپ لیٹ۔410 کا ایک معاون پائلٹ اور رن وے پر موجود ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار دوران علاج ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

لوکلا ایئرپورٹ کے حکام نے حادثے کے بارے میں میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ طیارہ رن وے پر پرواز کے لیے اڑان بھر رہا تھا کہ وہ پھسل کر قریب ہی موجود 2 ہیلی کاپٹرز سے ٹکرا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے کٹھمنڈو منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ہر سال سیکڑوں کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کے لیے لوکلا ایئرپورٹ پہنچتے ہیں اور اپریل میں یہاں کافی رش ہوتا ہے کیونکہ موسم بہار کوہ پیمائی کے لیے اہم تصور کیا جاتا ہے۔

خبری حوالہ : زرمبش مانیٹرنگ ڈیسک