افغانستان:ایک اور دھماکے میں متعدد افراد جان بحق

برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مشرقی افغانستان کے شہر گردیز میں عدالت کے قریب دھماکا خیز مواد سے بھرے ٹرک کو دھماکے سے اڑادیا گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد جان بحق ہوئے جبکہ اس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی گئی۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائیں کا کہنا تھا کہ ‘گردیز شہر کے گنجان آباد علاقے میں فوجی عدالت کے قریب ایک کار بم دھماکا ہوا، جس میں درجنوں افراد کے جان بحق و زخمی ہونے کا خدشہ ہے’۔

طارق آرائیں نے اس حملے کی ذمہ داری طالبان اور کالعدم لشکر طیبہ کے اتحادی حقانی نیٹ ورک پر عائد کی تاہم یہ گروپ بہت کم حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ادھر پکتیا صوبے، جہاں گردیز شہر موجود ہے، وہاں کے فوجی ترجمان ایمل خان مہمند کا کہنا تھا کہ یہ دھماکا بارودی مواد سے بھرے ٹرک کے ذریعے کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جان بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں افغان دارالحکومت کابل میں میٹرنٹی ہسپتال میں مسلح افراد کے حملے میں نومولود بچوں اور ماؤں سمیت 24 افراد جان بحق ہوئے تھے جبکہ اسی روز مشرقی علاقے ننگاہار میں جنازے میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد جان بحق ہوگئے تھے جبکہ اس کی ذمہ داری داعش کی جانب سے قبول کی گئی تھی۔