ایران :مجلس خبرگان کے رکن کورونا وائرس سے ہلاک

وائرس ایران کے مجلس خبرگان کے رکن نئے کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے جس کے بعد ایران میں سابق سرکاری عہدیداران سمیت موجودہ رہنماؤں کی ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 78 سالہ آیت اللہ ہاشم بطحایی گلپایگانی کورونا وائرس کی تصدیق اور ہسپتال منتقلی کے دو روز بعد ہلاک ہوگئے۔

وہ تہران میں ماہرین کی اسمبلی کی نمائندگی کرتے تھے جو 88 علما پر مشتمل ہے اور ایران کے سپریم لیڈر کی تعیناتی اور نگرانی کرتی ہے۔

مجلس خبرگان کو ایران کے سپریم لیڈر کو مقرر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ 78 سالہ آیت اللہ ہفتے سے وائرس کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

کورونا وائرس سے اب تک ایران کے تقریباً 12 سابق و موجودہ حکام ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 13 میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔