ایرانی نائب وزیر صحت کورونا وائرس کا شکار

ایران میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے جبکہ ملک کے نائب وزیر صحت کے بھی اس وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

وزرت صحت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ نائب وزیر ایرج حریرچی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں اور انھیں قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔

دوسری جانب صدر روحانی نے ایرانی عوام کے نام پیغام میں زور دیا ہے کہ وہ گھبرائیں گے۔’ہم اس وائرس کا مقابلہ کریں گے۔‘

حکام نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 95 افراد میں اس وائرس کی تشخیص کی ہے تاہم یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں ان کیسز کی تعداد اچانک بڑھ جانا گہری تشویش کا باعث ہے۔ادارے کے ریجنل ڈائریکٹر نے منگل کو ایران پہنچنا تھا تاہم ان کی روانگی موخر کر دی گئی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ وہ ایک الگ دورے کے لیے تاریخوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں اس میں تکنیکی مشن اور طبی ضرورت کی اشیا سمیت وائرس کی تشخیص کے لیے استعمال ہونے والی کٹس بھی بھجوائی جائیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اشیا ایک دو روز میں پہنچ جائیں گی۔

اب تک دنیا بھر میں اس وائرس کے 80 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور 2700 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ہلاک اور متاثر ہونے والوں میں بڑی تعداد چین میں ہے۔