بلوچستان: مختلف علاقوں سے مزید 4 لاپتہ افراد بازیاب

بلوچستان کے مختلف علاقوں مچھ، مستونگ اور بلیدہ سے جبری طور لاپتہ چار افراد بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے جنہیں مختلف اوقات میں جبری طور لاپتہ کیا گیا تھا۔

بازیاب ہونے والوں میں مچھ اللہ آباد کے رہائشی خدا بخش کلوئی رند ولد کریم بخش اور مستونگ سے تین سال قبل جبری طور لاپتہ ہونے والے پیر بخش ولد محمد اسلم بنگلزئی سکنہ پڑنگ آباد اور بلیدہ کوشک سے تین سال سے لاپتہ بابل غفور ولد عبدالغفور اور بلیدہ سلو سے دس مہینے قبل جبری طور پر لاپتہ احسان ولد رحیم بخش شامل ہیں

بلوچستان سے لاپتہ افراد کی بازیابی کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے جبکہ بلوچ سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق جبری طور پر لاپتہ افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ دوسری جانب جبری گمشدگیوں کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہورہے ہیں۔